پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 11رنز سے شکست دیدی

ہرارے(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)پاکستان نے محمد رضوان اور بالرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 11رنز سے شکست دے کر3میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کر لی۔زمبابوے کی ٹیم150رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر138رنز ہی بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 3،محمد حسنین نے 2،حارث رؤف اور محمد حفیظ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔محمد رضوان کو میچ میں ناقابل شکست 82رنز بنانے پر مین آف دی میچ کا ایواڈ دیا گیا۔آئی این پی کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی (کل)جمعہ کو کھیلا جائیگا۔بدھ کوہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے ہیرو اور کپتان بابراعظم صرف دو رنز بنا کر چلتے بنے۔

فخر زمان نے 13رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 34رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس کے بعد میڈھویرے کا شکار بن کر وہ بھی پویلین لوٹ گئے۔محمد حفیظ ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور پانچ رنز بنانے کے بعد میڈھویرے کی دوسری وکٹ بن گئے۔دانش عزیز اور رضوان نے وکٹیں گرنے سلسلے کچھ دیر کیلئے تھام دیا اور چوتھی وکٹ کیلئے34رنز کی ساجھے داری قائم کی جس کے بعد دانش کی15رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔حیدر علی کا بلا اس مرتبہ بھی خاموش رہا اور صرف پانچ رنز بنا سکے جبکہ آل رانڈرز فہیم اشرف اور محمد نواز کی اننگز بالترتیب ایک اور 9رنز تک محدود رہی۔دوسرے اینڈ سے مایوسی کے ساتھ ساتھیوں کی یکے بعد دیگرے پویلین واپسی کا منظر دیکھنے والے محمد رضوان نے ایک اور نصف سنچری مکمل کی۔ایک موقع پر پاکستان کی ٹیم نے 18اوورز میں 124رنز بنائے تھے لیکن آخری دو اوورز میں وکٹ کیپر بلے باز نے جارحانہ بیٹنگ کر کے پاکستان کو قدرے معقول مجموعے تک رسائی دلائی اور بالآخر یہی رنز میچ میں اصل فرق ثابت ہوئے۔پاکستان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بنائے، رضوان نے 61گیندوں پرایک چھکے اور 10چوکوں کی مدد سے 82رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔زمبابوے کی جانب سے میڈھویرے اور لیوک جونگوے نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے زمبابوے کو 21 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس موقع پر محمد حسنین نے پاکستان کو یکے بعد دیگرے دو کامیابی دلا کر میڈھویرے اور تدیوناشے مرومانی کو چلتا کردیا۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد تناشے کمن ہکموے کا ساتھ دینے کریگ ارون آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 56رنز کی ساجھے داری قائم کی۔اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، ایک عرصے بعد بالنگ کرنے والے محمد حفیظ نے رضوان کی مدد سے 29رنز بنانے والے کمن ہکموے کو قابو کر لیا۔ارون سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور دو گیند کے بعد وہ عثمان قادر کی گیند پر نواز کو کیچ دے بیٹھے۔لیگ اسپنر نے عمدہ بالنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حریف کپتان شان ولیمز اور ریگس چکابوا کی اہم وکٹیں حاصل کر کے زمبابوے کے لیے ہدف کا حصول مشکل بنا دیا۔

ریان برل اور لیوک جونگوے نے کچھ ہاتھ دکھا کر اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن حارث نے برل کی اننگز کا خاتمہ کر کے پاکستان کو ساتویں کامیابی دلا دی۔زمبابوے کو آخری اوور میں فتح کے لیے 20رنز درکار تھے لیکن حارث رؤف نے انہیں صرف 8رنز بنانے دیے اور اس طرح پاکستان نے میچ میں 11 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 3 اور حسنین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی 20سیریز کے اگلے دو میچز بھی ہرارے میں 23اور 25اپریل کو کھیلے جائیں گے اور اسٹیڈیم میں شائقین کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ٹی20سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں