ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں 4 دن باقی رہ گئے

دبئی(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں 4 دن باقی رہ گئے ہیں،17اکتوبر سے ٹی 20ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا۔پہلے مرحلے میں 8 ٹیمیں گروپ میچز کھیلیں گی جس میں 4ٹیمیں دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، 17اکتوبر کو گروپ میچز کا پہلا میچ اومان اور پاپوا نیوگنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے، فاتح ٹیم کو 16لاکھ ڈالرز ملیں گے، رنرز اپ 8 لاکھ جبکہ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیمیں چار چار لاکھ ڈالرز کی حقدار ٹھہریں گی۔ٹیموں کے گروپ میچز جیتنے کی رقم علیحدہ ہوگی، اگر پاکستانی ٹیم گروپ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ جیتتی ہے تو وہ بتیس کروڑ روپے کمالے گی۔ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریاں جاری ہیں،پاکستانی اسکواڈ آج لاہور کے ایل سی سی اے گراونڈ میں سیناریو میچ کھیلے گا۔قومی کرکٹرز(آج)بدھ کو آرام کریں گے جبکہ دوسرا سیناریو میچ جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا، پاکستان اسکواڈ 15اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہو گا۔واضح رہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ 17اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہو گا، پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، قومی کھلاڑی اپنے تیسرے میچ میں 29 اکتوبر کو افغانستان کے مدِمقابل ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں