ورلڈ کپ ‘ انگلش کپتان نے پاکستان کو میگا ایونٹ میں خطرناک ٹیم قرار دیدیا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ‘ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام) انگلینڈ کیکپتان ایون مورگن نے کہا ہے کہ گرین شرٹس کے ساتھ ہمیں انتہائی مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، وہ میگا ایونٹ کیلئے ٹاپ فیورٹ سائیڈز میں سے ایک ہیں، چیمپئنز ٹرافی میں بھی پاکستان ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کیا تھا۔انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے پاکستان کو 30 مئی سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلیے انتہائی مضبوط امیدوار قرار دیا ہے۔ایون مورگن سمجھتے ہیں کہ بدستور پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کیلیے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے۔ اس وقت انگلینڈ عالمی ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر فائز ہے، اسے شوپیس ایونٹ کیلئے ہاٹ فیورٹ قرار دیا جارہا ہے تاہم ورلڈ کپ سے قبل میزبان سائیڈ کی آزمائش پاکستان کے خلاف 5کو شیڈول واحد ٹوئنٹی 20میچ اور اس کے فوری بعدکھیلی جانے والی 5ون ڈے میچز کی باہمی سیریز میں ہوگی۔ دونوں ہی ٹیمیں اس سیریز کی بدولت ورلڈ کپ کیلیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔مورگن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے موسم گرما کے طویل سیزن کا آغاز ہمارے لیے بھی خوش آئند ہے، ہمیں گرین شرٹس سے مقابلوں کی صورت میں حقیقت میں ایک بہت اچھی اور مسابقتی کرکٹ کھیلنے کو ملے گی، پاکستان ورلڈ کپ کیلئے دوسری یا تیسری فیورٹ ٹیم ہے، اس وقت چیمپئنز ٹرافی بھی ان کے ہی پاس ہے، انھوں نے انگلینڈ میں یہ ٹرافی جیتنے کیلئے بہت ہی عمدہ کارکردگی پیش کی تھی، اس لیے ہم ان کے خلاف سیریز کے منتظر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں