قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت ختم،پی سی بی نئے کنٹریکٹ کا اعلان کرنے میں ناکام

لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30جون کو ختم ہوگئی ہے، لیکن اب تک نئے کنٹریکٹس کی پیشکش نہیں ہوئی ہے۔پی سی بی کی تفصیلات کے مطابق نئے سینٹرل کنٹریکٹ 22-2021کی مدت یکم جولائی سے شروع ہوگی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ حتمی مراحل میں ہے، کچھ کھلاڑیوں کے ناموں اور بعض کی فٹنس پر بھی بات چیت جاری ہے۔ رواں ہفتے کے اختتام یا اگلے ہفتے کے شروع میں ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے اور قومی کرکٹرز کے اس حوالے سے فٹنس ٹیسٹ بھی جاری ہیں۔نئے کنٹریکٹ میں کئی کھلاڑیوں کی ترقی اور کئی کی تنزلی بھی ہوگی۔واضح رہے کہ حسن علی اور فہیم اشرف کو کنٹریکٹ میں دوبارہ جگہ مل سکتی ہے جبکہ صہیب مقصود اور شاہنواز داھانی کے نام بھی کنٹریکٹ کے لیے زیرغور ہیں۔ویمنز کرکٹرزکے نئے مالی سال کے کنٹریکٹ جاری ہوچکے تاہم مینزکرکٹرز کی فہرست پرمعاملات فائنل ہونا باقی ہیں، بورڈ ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے تک نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں