آسٹریلیا سے شکست پر سوشل میڈیا پر مصباح پر تنقید‘ عوام نے پی سی بی سے بڑا مطالبہ کردیا!

لندن (مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)آسٹریلیا کے خلاف ٹی20 سیریز میں عالمی نمبر ایک پاکستان کی شکست پر شائقین کرکٹ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی سابق کپتان سرفراز احمد کی واپسی کا مطالبہ کردیا۔آسٹریلیا نے جمعہ کو کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو باآسانی 10وکٹوں سے مات دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی تھی۔رواں سال لگاتار چوتھی ٹی20 سیریز خصوصاً نئی ٹیم منیجمنٹ کی زیر نگرانی لگاتار دوسری سیریز ہارنے پر شائقین کرکٹ نے خوب برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر خصوصاً مصباح الحق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جمعہ کو مصباح الحق کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ فائیو ٹرینڈز میں رہا۔آئی این پی کے مطابق مداحوں نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آخری ٹی20 میں 61 ڈاٹ گیندیں کھیلنے پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز نے 2سال میں ٹیم کو نمبر ون بنایا جبکہ مصباح نے 6میچوں میں ساری محنت برباد کردی۔اسی طرح ایک مداح نے مصباح الحق کا دوسرا نام ہی Destroyer رکھ دیا جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ نمبر ون ٹیم کو کس طرح سیریز ہروائی جاتی ہے، مصباح الحق سے سیکھا جائے۔شائقین نے کہا کہ مصباح الحق اور وقار یونس کی جوڑی پاکستان کرکٹ کو بہت نقصان پہنچائے گی، ساتھ ہی انہوں نے مصباح الحق کے دوہرے عہدوں پر بھی تنقید کی اور پی سی بی سے مصباح الحق کو ہٹانے اور سرفراز کی واپسی کا بھی مطالبہ کیا۔ایک کرکٹ فین نے لکھا کہ اب پی سی بی کو اندازہ ہوگیا ہوگا کہ پاکستان ٹیم ہی نمبرون نہیں بلکہ سرفراز احمد کپتان نمبر ون تھا۔ایک اور ٹوئٹر صارف نے بھی موقع کی مناسب سے طنز کرتے ہوئے کہا کہ مکی آرتھر اور سرفراز نے ٹیم کو مصنوعی طریقے سے نمبر ایک پر رکھا ہوا تھا۔حمزہ جنید نامی صارف نے لکھا کہ ہیڈ کوچ مصباح باؤئنسی وکٹوں پر بلے بازوں کی ناقص تیاری پر بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح سے ناراض ہیں، بیٹنگ کنسلٹنٹ مصباح کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر مصباح کو بہتر کھلاڑیوں کو منتخب کرنا چاہیے تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں