چوہدری برادران کیلئے اچھی خبر!

لاہور(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں چودھری برادران کے خلاف دو ریفرنسز بند کرنے کی منظوری دے دی،عدالت نے چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہی، چودھری مونس الہی، چودھری شافع حسین سمیت فیملی کے 12ارکین کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دیدی، پیر کو نجی ٹی وی کے مطابق نیب لاہور نے چودھری شجاعت حسین، چودھری سالک حسین، چودھری شافع حسین کے خلاف انکوائری بند کرنے کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کررکھا تھا،

نیب نے چودھری پرویز الہی، اہلیہ پرویز الہی، مونس الہی، راسخ الہی اور 2خواتین کے خلاف انکوائری بند کرنے کا ریفرنس عدالت میں دائر کیا تھا،نیب پراسکیوٹر اسد اللہ خان کے مطابق چودھری شجاعت حسین اور انکے صاحبزادوں کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری کر رہا تھا۔ آئی این پی کے مطابق دوران تفتیش چودھری شجاعت حسین اور انکے صاحبزادوں کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے شواہد موصول نہ ہوئے،نیب پراسکیوٹر کے مطابق چودھری برادران کے خلاف تین مختلف انکوائریاں نیب میں زیر التوا تھیں۔ چودھری شجاعت حسین پر بطور وفاقی وزیر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام تھا۔

چودھری پرویز الہی پر بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام تھا،نیب کے مطابق چودھری پرویز الہی پر بطور لوکل گورنمنٹ منسٹر غیر قانونی تعیناتیوں کا الزام تھا۔ نیب لاہور نے تینوں انکوائریاں بند کرنے کیلئے احتساب عدالت میں تین ریفرنس دائر کیے تھے،چودھری شجاعت، چودھری پرویز سمیت دیگر کے خلاف 12اپریل 2000میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔ 11 مارچ 2015 کو انکوائریاں نیب لاہور کو منتقل کی گئی تھیں۔چودھری برادران کے خلاف 19جنوری 2021کو چئیرمین نیب نے انکوائریاں بند کرنے کی منظوری دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں