میئر کراچی وسیم اختر کی موسمیات کے متعلق انوکھی پیشنگوئی‘جانیے آپ بھی!

کراچی (مانیٹرنگ نیوز‘صحافی ڈاٹ کام‘ ویب ڈیسک)میئر کراچی وسیم اختر نے شہر میں متوقع بارشوں اور طوفانی سمندری ہواؤں کی پیش گوئی کے باعث متعلقہ محکموں کے افسران و عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی، محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز، فائربریگیڈ، پارکس، میونسپل سروسز میں ایمرجنسی لگا کر تمام افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مشینری سمیت عملے کو فعال حالت میں رکھا جائے اور بارش کے دوران یا بعد کس بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچایا جاسکے،آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی شکایت کے لئے شہری اپنی شکایات1339پر بھی درج کرائیں، محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں پر اسٹاف متعین کیا جائے کیونکہ بورڈ کچرا اٹھانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا اور سالڈ ویسٹ سمیت بورڈ کی ناقص کارکردگی سے شہر کا تمام کچرا نالوں میں بھرا ہوا ہے، صفائی کے باوجود نالے مکمل صاف نہیں ہو رہے کیونکہ لاکھوں ٹن کچرا روزانہ کی بنیاد پر نالوں میں ڈالا جاتا ہے اور جہاں جہاں چوکنگ پوائنٹس ہیں ان پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ برساتی نالوں کے اوور فلو ہونے سے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ رکھا جاسکے، انہوں نے کہا کہ تمام انڈرپاسز میں نکاسی آب کا نظام بلارکاوٹ جاری رہنا چاہئے اور جہاں جہاں شکایات موصول ہوں وہاں فوری طور پر عملہ اور مشینری بھجوا کر انڈرپاسز کی اندرونی نکاسی آب کی لائنوں کو کلیئر کرایا جائے، انہوں نے کہاکہ ان علاقوں پر ترجیحی توجہ دی جائے جہاں ماضی میں برساتی پانی جمع رہنے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں، توقع ہے کہ ادارہ فراہمی و نکاسی آب حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں پائی جانے والی صورتحال کے پیش نظر ایسے اقدامات کرے گا جن سے فراہمی و نکاسی آ ب کی لائنوں سے رساؤ اور سیوریج لائنوں کے چوک ہونے کی وجہ سے اوور فلو روکا جاسکے کیونکہ برساتی پانی سے زیادہ سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے جراثیم اور بیماریاں پھیلنے کا خطرہ رہتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ شہریوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ برساتی نالو ں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور ان کے اوپر قائم کی گئیں تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کردیں، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام متعلقہ محکمے چوکس حالت میں رہیں اور شہر کے کسی بھی علاقے سے ملنے والی شکایات پر فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں