لاہور ہائیکورٹ کا یوسف گیلانی، مشرف اور آصف زرداری سے متعلق درخواستیں غیر موثر قرار دیکر خارج

لاہور (مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق صدور پرویز مشرف اور آصف زرداری سے متعلق درخواستیں غیر موثر قرار دے کر خارج کر دیں۔ بد ھ کو لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی، جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بنچ نے پرویزمشرف، آصف زرداری، یوسف گیلانی کیخلاف 10سال پرانے کیسوں پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواستیں غیر موثر قرار دے کر خارج کر دیں، عدالت کو بتایا گیا کہ درخواستیں دائر کرنے والے تین وکلا انتقال کرچکے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ نے 10 سال پرانے مقدمات کی سماعت کے لئے فل بنچ تشکیل دیا تھا۔ درخواست گزار رانا علم الدین ایڈوکیٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے ایمرجنسی کے خلاف درخواست دائر کی تھیں۔ رانا علم الدین غازی ایڈوکیٹ سمیت دیگر نے سابق صدر آصف زرداری کے دو عہدے رکھنے کے متعلق درخواست دائر کی تھی۔ شاہد نسیم گوندل اور اللہ بخش گوندل ایڈووکیٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق درخواستیں دائر کی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں