وزیر اطلاعات پنجاب نے آصف زرداری کے حق میں بیان دیدیا

لاہور(مانیٹرنگ نیوز‘صحافی ڈاٹ کام‘ ویب ڈیسک)وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے آصف زرداری کی ضمانت مسترد ہونے اور گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری نے گرفتاری دے کر بہتر فیصلہ کیا۔ قانون سب کیلئے برابر ہے۔ زرداری کی گرفتاری کے معاملے میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔ آئی این پی کے مطابق کیونکہ موجودہ حکومت نے نہ تو نیب کو بنایا ہے اور نہ ہی آصف زرداری پر کیسزقائم کئے ہیں۔ صمصام بخاری نے کہا کہ شہبا زشریف کے آصف زرداری کیلئے حمائتی کلمات پر انہیں حیرانگی ہوئی ہے۔ تاہم ان کے کلمات سے ایک دفعہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ ملک لوٹنے والے سب اکٹھے ہیں اور کرپٹ رہنماؤں کی جماعتوں کا بیانیہ بھی ایک ہونے جا رہا ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی اپنی کرپشن اور لوٹ مار کا ملبہ موجودہ حکومت پر نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت کے حکم پر من و عن عمل کرے گی۔ عدالتیں آزاد ہیں،ہر ایک کو احتساب کے عمل کا سامنا کرنا ہوگا۔صوبائی وزیر نے قوم کے نام وزیر اعظم کے پیغام کے حوالے سے کہا کہ یہ پیغام وقت کی آواز ہے۔ عمران خان ملک و قوم کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ماضی میں ملک لوٹا گیا، ہم خزانہ دوبارہ بھرنا چاہتے ہیں۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں کی طرح ہمیں بھی ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا ہوگا۔ عوام ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیادت نیک نیت ہوتو ہر شہری ساتھ دے گا۔ عمران خان کا مشن ملک کو ہر قیمت پر آگے لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والے ”سٹیٹس کو”کے حامی ہیں۔ خزانہ لوٹا نہ جاتا تو آج ملک کے یہ حالات نہ ہوتے صمصام بخاری نے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے سچ بولا ہے، سب کو ساتھ دینا ہوگا اپوزیشن جماعتیں بھی وسیع تر قومی مفاد میں حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنیوالے عوام کو دوبارہ گمراہ نہیں کر سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں