فیصل آباد، دکانداروں، صنعتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کی شامت، لاکھوں کے جرمانے، متعدد مقدمات بھی درج

فیصل آباد(مانیٹرنگ نیوز، ویب ڈیسک، صحافی ڈاٹ کام) فیصل آباد میں کرونا وائرس بڑھنے پر دکانداروں، صنعتکاروں اور ٹرانسپورٹرز کی شامت، لاکھوں کے جرمانے، متعدد مقدمات بھی درج کرلیے گئے، پنجاب میں ضلع انتظامیہ کی ایسی کارروائیوں سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ پنجاب حکومت سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کروانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے.

تاہم محکمہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ایک بریفنگ کے دوران بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر انسداد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ضلع میں گذشتہ آٹھ روز کے دوران 1260 دکانیں،48،انڈسٹریز،2679 ٹرانسپورٹس سیل کی چکی ہیں جبکہ سنگین خلاف ورزی پر دو دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کرانے کے علاوہ حکومتی ہدایات کی عدم تعمیل پر دکانداروں کو 35 لاکھ 23 ہزار 500 روپے کا جرمانہ،8755 وہیکلز کے چالان اور 2651 کو معمولی شکایات پر وارننگ دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ دکانوں،مارکیٹوں،شاپنگ مالز وریسٹورنٹس میں سماجی فاصلہ اور سینیٹائزر نہ ہونے اوردکانداروں کی طرف سے فیس ماسک استعمال نہ کرنے پرکارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ازخود سیل توڑنے کی پاداش میں مزید سخت ایکشن لیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر انتظامی افسران بازاروں میں دکانوں پر سینیٹائزر کی موجودگی،سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور دکانداروں کے فیس ماسک نہ ہونے پر ایکشن لے رہے ہیں جبکہ دکانداروں کو گاہوں کے رش کو ختم کرانے کی تاکید بھی کی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا کے حوالے سے جاری ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکی ہدایات جاری کررکھی ہیں کے لئے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات جاری کردی ہیں اورایس اوپیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے کسی کو ناجائزفائد ہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے اورموجودہ حالات میں سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا۔انہوں نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں اور اپنے او راپنے پیاروں کی حفاظت کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد ہی شہریوں کے مفاد میں ہے۔
Sahafe.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں