امام کعبہ کا علماء کے متعلق ایسا بیان کہ جان کر آپ بھی خوش ہو جائینگے

اسلام آباد(مانیٹرنگ نیوز‘ صحافی ڈاٹ کام ‘ویب ڈیسک )پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امام کعبہ شیخ عبداللہ عوادالجھنی نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ علما کا کام اللہ کے بندوں کو آپس میں جوڑنا ہے۔ہفتہ کو اسلام آباد میں علمائے کرام سے ملاقات اور سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہشیخ عبداللہ عوادالجھنی نے اتحاد امت کے موضوع پر روشنی ڈالی اور کہا کہ علما نے اللہ کے بندوں کو آپس میں جوڑنا ہے۔انہوں نے کہا کہ علما نے صبر و یقین سے امت کی راہنمائی کرنی ہے کیونکہ علما نے ہر دور میں علم پہنچایا۔امام کعبہ نے علما سے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ لوگ جو بھی فتوی دیں وہ حق اور سچ پر مبنی ہونا چاہیے۔اس موقع پر امام کعبہ نے دل گداز انداز میں تلاوت کلام پاک کی۔پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے اپنے خطاب میں کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے پر دکھ کا اظہار کیا۔نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے پر دکھ ہے اور ہم ان واقعات پر غم گین ہیں اور شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔سعودی سفیر نے کہا کہ امت میں اس وقت اتحاد کی کمی ہے اسی عدم اتفاق کی وجہ سے دہشت گردی عام ہے اس لیے ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں علما کا کردار اہم ہے، علما امت کو جوڑنے میں کردار ادا کریں کیونکہ امت مسلمہ، امت وسط ہے اور ہمیں اپنے اس کردار کو بھی بخوبی نبھانا ہے۔سیمینیار سے جمعیت علما اسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ مقاصد کے حصول کے لیے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہم آج سعودی عرب سے اظہار یک جہتی کے لیے متحد ہوئے ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ہاتھ بڑھایا ہے اور شاہ فیصل مرحوم بنگلہ دیش کو الباکستان الشرقیہ کہا کرتے تھے۔عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سعودی عرب نے ماضی میں زلزلہ، سیلاب اور معاشی مشکلات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہمارا دینی تعلق ہے کیونکہ وہ حرمین الشریفین ہیں۔چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام موجود ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاک-سعودی دوستی حکومتوں تک محدود نہیں بلکہ عوامی سطح پر ہے۔انہوں نیکہا کہ علمائے کرام نے ہمیشہ مسلمانوں کی حفاظت کے لیے کردار ادا کیا، پوری دنیا بالخصوص برصغیر میں علمی ورثے کے تحفظ میں علمائے کرام کا کردار ہے۔ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں علمائے کرام کا کردار ہے اور اسی طرح پیغام پاکستان پر تمام اداروں اور مکاتب فکر کا اتفاق خوش آئند ہے کیونکہ تکفیریت اسلام کے خلاف ہے۔پاک-سعودی تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی امت کو اعتدال کی طرف لے جانے والی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں