عالمی عدالت اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے: عرب لیگ!

قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘صحافی ڈاٹ کام) عرب لیگ وزرائے خارجہ کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے۔عرب لیگ کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں بین الاقوامی فوجداری عدالت سے بے دخل فلسطینیوں اور فلسطینی علاقوں پر قبضے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کونسل آف فارن منسٹرز نے سیکیورٹی کونسل سے بات چیت کے لیے کمیٹی کی منظوری دے دی۔کمیٹی میں سعودی عرب، اردن، فلسطین، قطر، مصر اور مراکش شامل ہوں گے۔صباح نیوز کے مطابق کمیٹی اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سے اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات روکنے کا مطالبہ کرے گی۔عرب وزرائے خارجہ نے مسجدِاقصی میں نہتے نمازیوں کے خلاف اسرائیلی فوجیوں کے جرائم کی بھی شدید مذمت کی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی چارٹرز کی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے،سعودی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مملکت دو ٹوک انداز میں فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکالنے اور ان کی سرزمین پر اپنا اختیار نافذ کرنے کا اسرائیلی مسترد کرتی ہے۔سعودی عرب ایسے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی مذمت کرتا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی قراردادوں کی خلاف ورزی ہو اور امن عمل کی بحالی کی راہ میں رکاوٹ پڑے۔

شہزادہ فیصل کا کہنا تھا کہ مملکت فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان تمام کوششوں کی حمایت کرتی ہے جو مسئلہ فلسطین کے مکمل حل کے لیے ہیں۔ سعودی عرب 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطینیوں کی آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو، جو بین الاقوامی فیصلوں اور عرب امن منصوبہ کے مطابق ہے۔سعودی عرب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے ہونے والی قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے اور فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔

Sahafe.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں