سعودی عرب کا 17مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان،

ریاض(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)سعودی عرب نے 17مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا تاہم پاکستان سمیت 20 ممالک کو پروازوں کو اجازت نہیں دی گئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کورونا کے باعث معطل اپنا بین الاقوامی فضائی آپریشن 17 مئی سے بحال کرے گا تاہم سعودی حکام نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بحالی میں 20 ممالک پر پابندی برقرار رکھی ہے جو کورونا کی روک تھام کے لیے کی گئی ہے۔صباح نیوزکے مطابق عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ جن 20 ممالک کو سعودی عرب میں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی ہے ان میں ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، مصر، بھارت اور جاپان شامل ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق 20 ممالک کی فہرست میں شامل ملکوں کے غیر شہری، سفارتی عملے، میڈیکل پریکٹشنرز اور ان کے اہلخانہ کو بھی 13 فروری سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔اس کے علاوہ اس پابندی کا اطلاق سعودی عرب آنے والے ایسے مسافروں پر بھی ہوگا جنہوں نے ایسے ممنوعہ ممالک کا سفر کیا ہوگا جن سے واپسی پر سعودی عرب میں داخلے کے لیے 14 دن قبل درخواست دینا ہوتی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں بدھ کے روز کورونا سے 12اموات ہوئی ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد 6858ہوگئی ہے جب کہ ایک ہزار 28نئے کیسز سامنے آنے سے کیسز کی تعداد 4 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔سعودی حکام کے مطابق نئے کیسز میں سے 431کا تعلق ریاض، 220کا مکہ، 157کا مشرقی صوبے اور 45 کا مدینہ شہر سے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں