پاکستان نے افغان فوج کے5افسروں سمیت 46فوجیوں کو پناہ دیدی

راولپنڈی(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام) پاکستان نے افغان نیشنل آرمی کے پانچ افسروں سمیت چھیالیس فوجیوں کو پناہ دیدی،پاکستان پہنچنے والے افغان فوجیوں کو خوراک، شیلٹر اور طبی امداد فراہم کی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق چترال اروندو سیکٹرکے پاس تعینات افغان آرمی کے کمانڈر نے پناہ لینے کیلئے پاک فوج سے رابطہ کیا۔ یہ افغان سپاہی پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر واقع اپنی چوکی پر مزید قبضہ جاری رکھنے کے قابل نہیں رہے تھے،لہذا ان 5 افسران سمیت 46 افغان فوجیوں کو پاکستان میں پناہ اورمحفوظ راستہ دیا گیا۔ جس کے بعد 46 فوجی چترال ارندو سیکٹر پہنچے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان پہنچنے والے افغان فوجیوں کو خوراک، شیلٹر اور طبی امداد فراہم کی گئی، پاک آرمی نے معلومات اورضروری کارروائی کیلئے افغان آرمی سے رابطہ کیا ہے، افغان فوجیوں کو قانونی عمل سے گزار کر افغان حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں