وفاقی حکومت کا الیکشن اصلاحات پر جارحانہ رویہ اختیار کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)وفاقی حکومت نے الیکشن اصلاحات پر جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پرسخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں انتخابی اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے،ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلائیں گے،7ویں مردم شماری میں پہلی مرتبہ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، 18ماہ میں مردم شماری مکمل ہوگی،آئندہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں اور مرد شماری کے تحت ہونگے، اپوزیشن صرف پیسے بچانے کیلئے انتخابی اصلاحات پر سیاست کررہی ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کیلئے کرسیاں اوپر نہیں ہوئی بلکہ کرسیاں ان کیلئے نیچے آئی ہیں،مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قانون سازی لائیں گے، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ابسلیوٹلی ناٹ ہے، کرکٹ سیریز کی منسوخی پر قانونی چارہ جوئی کریں گے، کابینہ نے ملک میں سینما اور فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے علاقائی ممالک سے فلموں کی درآمد مقامی سینما میں دکھانے کی اجازت دی ہے، جو ممالک گیس میں خود کفیل اور تیل درآمد کرتے ہیں، ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں، گوادر اور کراچی کو مزار شریف اور پھر تاشقند کے ساتھ ریل کے ذریعے جوڑنا چاہتے ہیں۔منگل کووزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی،معاشی صورتحال کا جائزہ اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ منسوخی سمیت 21نکاتی ایجنڈے پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کرنے، ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان کے چیئرمین،سی ای او ڈریپ اور ریلوے بورڈ ممبران کی تقرری و تعیناتی کی منظوری، خطے کے ممالک سے فلموں کی درآمد، جموں کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ کی منظوری اور دیگر معاملات زیر غور آئے۔کابینہ کے اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پر بریفنگ لی گئی، اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر کے وفاقی وزرا کو نوٹسز پر بھی گفتگو ہوئی، اجلاس میں حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے عدالتی فیصلوں اور احکامات کی روشنی میں وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق معاملے پر غور کیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد ہٹا سکتے ہیں،اس وقت سوشل میڈیا قوانین سے متعلق دواہم پہلو پرکام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کوگرفت میں لایا جائے جو بچوں کی فحش ویڈیوز بنانے یا اسے پوسٹ کرنے میں ملوث ہیں، اس کے لیے پی ٹی اے کام کررہا ہے، حکومت ان کے خلاف گھیرا تنگ کررہی ہے جو انفرادی طور پر قابل اعتراض ویڈیوز بناتے ہیں،سوشل میڈیا کے رولز پر ایک نئی بحث شروع کی جارہی ہے، وزیر انسانی حقوق اس کی صدارت کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابی اصلاحات کو آگے بڑھانا ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیں، ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا حق دلائیں گے،7ویں مردم شماری میں پہلی مرتبہ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، 18ماہ میں مردم شماری مکمل ہوگی، اس ضمن میں مزید تفصیلات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ یہ بات طے ہے آئندہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں اور مرد شماری کے تحت ہوگا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان لوگوں کو بہت مایوسی ہوگی جو کہہ رہے تھے الیکشن رواں برس ہوجائیں گے، یہ ایک قانونی عمل ہے جو جاری رہے گا، اپوزیشن کو اعتراض کے ساتھ انتخابی اصلاحات پر بھی تجویز دینی چاہیے لیکن اصل مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن کیلئے کرسیاں اوپر نہیں ہوئی بلکہ کرسیاں ان کیلئے نیچے آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف پیسے بچانے کے لیے انتخابی اصلاحات پر سیاست کررہی ہے، اگر آج ہم ان کو کہہ دیں کہ جو پیسے آپ کے پاس ہیں ان کا کوئی حساب کتاب نہیں ہوگا تو یہ سارے ریٹائر ہو جائیں گے،اپوزیشن کو حکومتی فیصلے کو خوش آئند قرار دینا چاہیے جو انتخابی اصلاحات کیلئے کوشاں ہیں ورنہ حکومت کے لیے انتخابات میں دھاندلی کرنا کوئی مشکل بات نہیں ہوگی جبکہ اپوزیشن خود کہتی ہے کہ ادارے بھی ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو ان کمیٹیوں میں شامل نہیں ہونا چاہیے جہاں مفادات کا ٹکراؤ ہو،مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قانون سازی لائیں گے،پارلیمانی امور کی وزارت مفادات سے ٹکراؤ سے متعلق چیئرمین سینیٹ اور سپیکر کو خط لکھے گی۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان ملتوی ہونے سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ابسلیوٹلی ناٹ ہے، اگر پاکستان نے سر اونچا رکھنا ہے اور ابسوٹلی ناٹ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کرکٹ سیریز ملتوی ہونے سے پی ٹی وی کو 25 کروڑ کا نقصان ہوا تاہم کرکٹ سیریز کی منسوخی پر قانونی چارہ جوئی کریں گے،کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم تیار ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے ملک میں سینما اور فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے علاقائی ممالک سے فلموں کی درآمد مقامی سینما میں دکھانے کی اجازت دی ہے، کینیڈین پنجابی، ایرانی، ترکش کی مویز ملک میں آسکیں گی تاکہ سینما بحال ہوسکیں جبکہ اس انڈسٹریز کو ٹیکس کی مد میں پہلے ہی ریلف حاصل ہے۔مہنگائی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ جو ممالک گیس میں خود کفیل اور تیل درآمد کرتے ہیں، ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتیں کم ہیں،عالمی منڈی میں مہنگائی اور پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دراصل مہنگائی کا باعث ہے۔فواد چوہدری نے کہا یہ تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان میں لوگوں کی آمدنی نہیں بڑھی، یہ تسلیم کروں گا کہ میڈیا کے ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھی اور ان کو کئی مسائل کا سامنا ہے جبکہ کسانوں سمیت مزدور کی آمدنی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے میڈیا مالکان کو مخاطب کرکے کہا کہ حال ہی میں حکومت نے 75کروڑ روپے تک ادائیگیاں کی ہیں اس لیے وہ میڈیا ورکرز کی تنخواہیں بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں ہمیں بہت بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے،پورے ملک میں گزشتہ 7ماہ کے دوران صرف ایک پولیو کیس سامنے آیا،پاکستان پولیو فری سٹیٹ بننے کی جانب گامزن ہے۔وزیر اطلاعات نے وفاقی کابینہ کے فیصلے سے متعلق بتایا کہ ایک سے 22گریڈ کے سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ میں 44فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ازبکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور کاروبار برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ازبکستان کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔فوادچوہدری نے کہا کہ گوادر اور کراچی کو مزار شریف اور پھر تاشقند کے ساتھ ریل کے ذریعے جوڑنا چاہتے ہیں،جو گوادر اور کراچی کو مزار شریف سے گزرتی ہوئی ٹرین ازبکستان میں جائے، اس سلسلے میں ازبکستان سے بات چیت خوش آئند رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اے ڈی آر نظام کو متعارف کرا رہے ہیں،اے ڈی آر کے تحت سب سے پہلے خاندانی تنازعات کو حل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں