وزیراعظم نے ایک اور اعلان کر دیا!

اسلام آباد(ویب ڈیسک‘مانیٹرنگ ڈیسک‘صحافی ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کیلئے بنائی گئی ایپلیکیشن کے اجراء کی منظوری دیتے ہوئے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ طلب کرلی۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کیلئے بنائی گئی ایپلیکیشن کے اجراء کی منظوری دی اور ان کے ساتھ متحرک ارکان اسمبلی کی رپورٹ بھی طلب کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بتایا جائے کس رکن اسمبلی نے ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے میں کتنا کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی جانب سے نوجوان رضا کاروں کی سرپرستی ضروری ہے کیونکہ ٹائیگر فورس مستقبل میں ملک کا قیمتی اثاثہ بننے جا رہی ہے۔ دوسری جانب معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹائیگرفورس کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انہیں ضلع، تحصیل، یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر مانیٹرکیا جاسکے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ ایپلیکیشن کے ذریعے اسمارٹ لاک ڈاؤن پرعملدرآمد کروانے میں بھی آسانی ہوگی اور کورونا سے متاثرہ ہاٹ اسپاٹ کی فوری نشاندہی بھی ممکن ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس کی ٹیمیں بناکر کپتان اور وائس کپتان بھی نامزد کیے جائیں گے۔

Sahafe.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں