ملک بھر میں شدید گرمی، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل، شہری بلبلااٹھے!

اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘صحافی ڈاٹ کام) ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،شہری بلبلااٹھے۔صباح نیوز کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھ گئی،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ شہروں میں 5 سے 8 جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی۔ بعض علاقوں میں دورانیہ بارہ گھنٹے سے بھی بڑھ گیا۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،

اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز سیون، لیاری سنگولین، چاکیواڑہ، رنچھوڑلائن میں بجلی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔ مستثنیٰ علاقوں میں ایک سے تین گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی۔ گلشن معمار، ایف بی ایریا بلاک ٹو، نارتھ ناظم آباد بلاک کے بجلی بند رہی۔ شکایت کرنے پر بجلی بندش مقامی فالٹ کا نتیجہ بتایا گیا۔صارفین نے کہا کہ بار بار شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی جا رہی، عزیزآباد بلاک آٹھ، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن میں بھی شہریوں کو بجلی بندش کا سامنا رہا۔

گورنر سندھ، وزیر توانائی اور اب نیپرا نے بھی نوٹس لیا لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو اب تک ریلیف نہ مل سکا۔کوئٹہ میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی بڑھ گئی۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ شہر کے وسطی علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے جبکہ نواحی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام بلبلا بلا اٹھے، شہریوں نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

Sahafe.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں