فیصل واوڈا سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار!

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘صحافی ڈاٹ کام) سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا اور قادر مندوخیل کی اپیل مسترد کردی۔پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کی جانب سے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا۔

صباح نیوز کے مطابق منگل کو سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں قادر خان مندوخیل کی جانب سے دائر درخواست میں فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے امریکی شہریت سے متعلق حقائق چھپائے۔انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ریٹرننگ افسر کے سامنے اعتراضات دائر کیے مگر انہوں نے سننے سے انکار کر دیا،

ریٹرننگ افسر کا اقدام غیر قانونی اور غیرآئینی ہے۔ایڈووکیٹ قادر خان مندوخیل نے کہا کہ فیصل واوڈا حقائق چھپانے پرعوامی عہدے کے لیے نااہل ہیں لہذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ فیصل واوڈا کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔فیصل واوڈا کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل نے امریکی شہریت چھوڑ دی تھی اور کسی سے حقائق نہیں چھپائے

۔وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کے کاغذات پر اعتراضات خلاف قانون ہے، قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کی جائے۔درخواست گزار قادر مندوخیل کے وکیل رشید اے رضوی نے دلائل دیتے ہوئے کہا یہ کہنا غلط ہے کہ فیصل واوڈا نے حقائق نہیں چھپائے۔

فیصل واوڈا نے 2018 ء کے انتخابات میں امریکی شہریت کا ذکر نہیں کیا۔الیکشن ٹربیونل نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصل واوڈا کو سینیٹ انتخابات کیلئے اہل قرار دیتے ہوئے قادر خان مندوخیل کی اپیل مسترد کر دی۔

Sahafe.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں