طالبان نے نگران افغان حکومت کے بقیہ وزرا کے ناموں کا اعلان کر دیا

کابل(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)افغانستان میں نئی قائم ہونیوالی نگران حکومت کے بقیہ وزرا کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کابینہ کے متعارف کرائے گئے اراکین میں اقلیتوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز اور اعلی تعلیم یافتہ افراد سمیت پیشہ ور شخصیات شامل ہیں۔ذبیع اللہ مجاہد نے کہا کہ کابینہ کے نئے ارکان کا تقرر طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کے حکم کے مطابق کیا گیا ہے، مزید بتایا کہ تجربہ کار تاجر حاجی نورالدین عزیزی کو قائم مقام وزیرتجارت اور ڈاکٹر قلندر عباد کو قائم مقام وزیر برائے صحت عامہ مقرر کیا گیا ہے۔مجاہد نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ عالمی برادری امارت اسلامیہ کو تسلیم کرے گی۔پریس کانفرنس کے دوران ذبیع اللہ مجاہد نے سخت گیر تنظیم داعش، القاعدہ یا دیگر دہشت گرد گروہوں کی افغانستان میں موجودگی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امارت اسلامیہ کسی بھی دہشت گرد گروہ کو توڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور افغانستان کی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں