شہباز شریف چلنے پھرنے سے بھی گئے!

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو کمر اور ٹانگوں میں تکلیف کے باعث ڈاکٹروں نے مزید 10 روز کے لیے مکمل آرام کی ہدایت کردی۔ میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔بدھ کو لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاسنگ کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جج نعیم ارشد نے کی۔ سماعت کے آغاز میں شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق کمر اور ٹانگوں میں درد کی وجہ سے شہباز شریف عدالت میں پیش نہیں ہوسکیں گے۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائش پر ڈاکٹرز نے ان کا طبی معائنہ کیا اور انہیں کمر اور ٹانگوں میں تکلیف کے باعث مزید 10 دن کے لئے مکمل آرام کی ہدایت کی۔شہباز شریف کی طبی صورت حال کے پیش نظر دو ہفتوں بعد ڈاکٹرز دوبارہ ان کا طبی معائنہ کریں گے، شہباز شریف کو یوم آزادی پر تقریب کے دوران دھکم پیل میں کمر پر چوٹ لگی تھی۔واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کمر میں تکلیف کے باعث اپوزیشن کی اے پی سی میں بھی شرکت نہیں کرسکے تھے۔ دوسری جانب رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں