حکومت کا آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر کیش سبسڈی دینے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ نیوز‘ ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام) وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے آٹا، گھی، چینی اور دالوں پر کیش سبسڈی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں آٹے کی قیمت میں کمی ہوگی، مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں دنیا بھر میں ہوئی ہے،کورونا سے اشیا کے فراہمی متاثر ہوئی اوراس کے منفی اثرات مرتب ہوئے،بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی فی ٹن 430 ڈالر پر چلی گئی ہے،کسان سے لے کر ریٹیلر تک قیمتوں کا تعین کررہے ہیں، ملکی معیشت بہتر ہورہی ہے،آئی ایم ایف میں جانے سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مئی میں ریلیز بند کردی تھی لیکن اب دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے سبزیوں کی قیمت میں اضافے پر کہا کہ آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت روز مرہ کی چیزوں کی قیمتوں میں مقامی سطح پر اضافے کے بعد جائزہ لینا ہوگا کہ آیا منڈی میں مہنگے دام فروخت ہونے والی سبزیوں کو برآمد کرنا چاہیے یا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بین الاقوامی قیمتوں سے لنک ہوگئے ہیں، ہم ہمیں جائزہ لینا ہوگا کہ کاشت ہونے والی سبزی سے لیکر خوردہ فروش (ریٹیلرز) کا کتنا کتنا فائدہ ہے، اور یقینی طور پر یہ منافع بہت ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ کسان کو اتنا منافع نہیں ملتا جتنا خوردہ فروش کماتا ہے، اس عمل کو شفاف بنانے کے لیے سائنٹیفک پروسیز ری انجینئرنگ کررہے ہیں۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ کاشت کار سے لیکر مارکیٹ میں فروخت ہونے تک کے تمام مراحل کی سائنٹیفک بنیاد پر مطالعہ ہوگا کہ کون کتنا فیصد منافع وصول کررہا ہے اور قیمتوں میں اضافے کی وجوہات میں کون کون شامل ہوتاہے۔ علاوہ ازیں گندم کی ریلیز پرائز پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے مئی میں گندم کی ریلیز پرائز بند کردی تھی تاہم اسے دوبارہ شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ سے ہی مخصوص اشیا پر سبسڈی دی جائے گی،وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سے قبل مخصوص اشیا پر سبسڈی کا عمل پہلے نہیں تھا کیونکہ پہلے صرف گیس اور بجلی کے ٹیرف پر سبسڈی دے رہے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں