حکومت سابق وزیراعظم نوازشریف سے ڈر گئی!

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام)لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔ صباح نیوز کے مطابق پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ نواز شریف منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات زیر التوا ہیں۔درخواست میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم کو بیمار قیدیوں کے برعکس علاج کے لئے بیرون ملک بھجوانا امتیازی سلوک ہے، وہ حسین حقانی کی طرح بیرون ملک جاکر واپس نہیں آئیں گے۔ درخواست گزار کا موقف ہے کہ نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور ایمل کانسی کو امریکہ کے سپرد کرنے میں ملوث رہے۔، اس حوالے اور منی لانڈرنگ کے خلاف کیس کے حوالے سے درخواستیں لاہور ہائیکورٹ میں زیرالتوا ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت درخواست کے فیصلے سے مشروط کی جائے اور عدالتی فیصلہ آنے تک سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں