بھارتی میڈیا نے میرے ابھی نندن۔۔۔‘ ایاز صادق نے چونکا دینے والا بیان دیدیا!

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘صحافی ڈاٹ کام)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے میرے ابھی نندن سے متعلق بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔

بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا جہاز گرانا پاکستان کی فتح تھی، ابھی نندن کو فوری ریلیز کرنے کا فیصلہ غلط تھا اس فیصلے میں کیا منطق تھی یہ صرف وزیر اعظم عمران خان جانتے ہیں،

ایازصادق نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں ابھی نندن سے متعلق بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا بھارتی میڈیا نے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور میرے بیان کو تبدیل کرکے پیش کرنے کی کوشش کی

۔آئی این پی کے مطابق ایازصادق کا کہنا تھا کہ ابھی نندن مٹھائی باٹنے نہیں بلکہ پاکستان پر حملہ کرنے آیا تھا، ابھی نندن کے جہاز کو گرانا پاکستان کی فتح تھی۔(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹری لیڈرز کی وزیراعظم سے ملاقات طے تھی مگر وزیرخارجہ کو بھیج دیا،

حکومت کس سے ڈکٹیشن لے رہی تھی کیا دبا ؤتھا حکومت نے ہم سے شیئرکرنا مناسب نہ سمجھا،وزیراعظم کس ملک سے ڈکٹیشن لے رہے تھے؟ کیا وزیر اعظم عمران خان اس وقت بھارتی وزیر اعظم مودی سے براہ راست رابطے میں تھے یا ان پر کوئی اور ایسا پریشر تھا وہ وزیر اعظم نے پارلیمانی لیڈرز سے شیئر کرنا مناسب نہیں سمجھا اور انہوں نے وزیر خارجہ کے ذریعے کہلوایاکہ ہم نے ابھی نندن کو فوری ریلیز کرنا ہے۔

جب یہ وزیر خارجہ کے ذریعے کہلوایا گیا تو عمران خان کے ماتھے پر پسینہ تھا کیونکہ وہ اپوزیشن کا سامنا نہیں کر سکتے تھے۔ ابھی نندن کو فوری ریلیز کرنے میں کیا منطق تھی یہ صرف وزیر اعظم عمران خان جانتے ہیں۔ وزیر اعظم کا یہ فیصلہ سراسر غلط تھا۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کیلئے سول لیڈرشپ کے فیصلے سے اپوزیشن متفق نہیں تھی، ابھی نندن کو دینے کی کوئی جلدی نہیں ہونی چائیے تھی ذرا انتظار کرلیتے، جو فیصلہ وزیراعظم نے کیا اس میں سول لیڈر شپ کمزور نظرآئی۔

Sahafe.com

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں