امام کعبہ کی کون کونسی اہم شخصیات سے ملاقات ہوئی اور کن امور پر گفتگو ہوئی ؟ ضرور جانیے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ‘ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام) امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجوہانی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقاتیں کیں ۔ امام کعبہنے پارلیمنٹ ہاؤس کے دورے کے آغاز پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ سعودی سفیر اور وزیر مذہبی امور بھی ہیں۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، خطے اور بین الاقوامی امور پر ایک جیسا نقطہ نظر دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دیتا ہے۔انہوں نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ 2 ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی پر سعودی عرب کے شکر گزار ہیں جبکہ حجاج کے کوٹہ میں اضافہ بھی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا جب کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی عدم توازن کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، دہشت گردی کو اسلام کے ساتھ منسوب کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔امام کعبہ نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بھی ملاقات کی ،ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات اورمسلم امہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔اسد قیصر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا بے لوث دوست ہے اور پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدہ، ثقافت، تاریخ اور ورثے کے امین ہیں، پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے جبکہ مسلم ممالک کے مابین اتحاد اور قریبی رابطے وقت کی اہم ضرورت ہے۔امام کعبہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید وسعت دینا چاہتا ہے جب کہ مسلمانوں کو دہشت گردی اور دیگر درپیش مسائل کا سبب دین سے دوری اور آپس میں نااتفاقی ہے۔ اسوہ حسنہ اور اسلامی تعلیمات پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں