افغان صدر اشرف غنی کی پاکستان آمد‘پرتپاک استقبال!

اسلا م آباد (مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘ صحافی ڈاٹ کام) افغان صدر اشرف غنی 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر مشیر تجارت عبدالرزاق داد اور دیگر حکام نے افغان صدر کا استقبال کیا جبکہ آنے والے مہمان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔جمعرات کو افغان صدر اشرف غنی وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ وزرا، مشیران، سینئر حکام اور کاروباری افراد سمیت ایک اعلی سطح کا وفد موجود تھا۔پاکستان پہنچنے کے بعد افغان صدر وزیر اعظم ہاؤس آئے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، اس دوران عمران خان نے اشرف غنی سے کابینہ اراکین کا تعارف بھی کروایا۔اپنے اس دورے کے دوران افغان صدر وزیراعظم عمران خان سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، جس میں دونوں فریقین سیاست، تجارت، معیشت، سیکیورٹی، امن، بحالی، تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنے پر توجہ دیں گے۔اپنے دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات بھی کریں گے۔اس کے بعد اشرف غنی لاہور بھی جائیں گے جہاں وہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے جس میں دونوں ممالک سے کاروباری نمائندگان شریک ہوں گے۔یہ افغان صدر کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہے جو حال ہی میں امن و استحکام کے لیے افغانستان۔ پاکستان ایکشن پلان کے پہلے جائزہ اجلاس کے بعد کیا جارہا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں دونوں ممالک کے رہنماں نے خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کے عزم کا اظہار کیا تھا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس رابطے میں پاکستان اور افغانستان نے اپنے جغرافیائی محل وقوع سے فائدہ اٹھا کر علاقائی روابط کو بڑھانے، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حقیقی اقتصادی قوت استعمال کرنے، غربت کے خاتمے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔پاکستان کے وزیراعظم نے مشترکہ مفادات سے متعلق معاملات پر جامع تبادلہ خیال کرنے کے لیے افغان صدر اشرف غنی کو ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں