چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کیلئے نیا نظام نافذ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ویب ڈیسک‘صحافی ڈاٹ کام) پی ٹی اے نے گمشدہ، چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کو بلاک کرنے کیلئے نئے خود کار گمشدہ اور چوری شدہ ڈیوائس سسٹم کا آغاز کر دیا۔بدھ کو چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کے لئے نیا نظام نافذ کردیا گیا ہے، اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کا کہنا ہے کہ گمشدہ، چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کو بلاک کرنے کے لئے نئے خود کار گمشدہ اور چوری شدہ ڈیوائس سسٹم (ایل ایس ڈی ایس)کا آغاز ہوگیا ہے۔آئی این پی کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ہے کہ نیا نظام ان صارفین کے لئے مددگار ثابت ہو گاجو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہو جانے کی صورت میں اسے بلاک کرانا چاہتے ہیں،

صارفین اپنے موبائل کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لئے ایسے فون سیٹ کے آئی ایم ای آئی بلاک کرانے کے لئے پی ٹی اے کو درخواست دے سکتے ہیں۔پی ٹی اے کے مطابق ایل ایس ڈی ایس ایک خودکار نظام ہے، اور پی ٹی اے کی ڈیوائس آئی ڈینٹٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم(ڈی آئی آر بی ایس)کے ساتھ مربوط ہے، چوری شدہ موبائل فون شکایت کے اندراج اور ضروری تصدیق کے بعد 24گھنٹوں کے اندر بلاک کردیا جائے گا۔ صارفین پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس)کے ذریعے پی ٹی اے کو فون بلاکنگ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں، مزید معلومات و سوالات کیلئے صارف پی ٹی اے کنزیومر اسپورٹ سینٹر(سی ایس سی)ٹول فری نمبر55055- 0800 پر (ہفتے کے 7دن صبح 9بجے سے رات 9بجے تک)رابطہ کر سکتے ہیں۔

بلاکنگ درخواست کے کامیاب اندراج کے بعد درخواست کنندہ کو ایک حوالہ نمبر فراہم کیا جائے گا، گمشدہ فون مل جانے کی صورت میں شکایت کنندہ کو سی ایم ایس کے ذریعہ ان بلاکنگ کے لئے بھی اسی طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا اور شکایتی حوالہ نمبر کے ساتھ دیگر لازمی تفصیلات بھی فراہم کرنی ہوں گی، جو انہوں نے موبائل فون بلاک کرتے وقت فراہم کی تھیں، موبائل فون ان بلاک ہوجانے کے بعد صارف کو فراہم کردہ نمبر پر ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں