سپریم کورٹ نے کونسا اہم از خود نوٹس نمٹا دیا

لاہور۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے کھوکر برادران کے خلاف سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے لیا گیا از خود نوٹس نمٹا دیا ۔ عدالت نے کھوکھر برادران کے نام ای سی ایل سے بھی نکالنے کا حکم دیا ہے۔ جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر اور رکن پنجاب اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کے خلاف از خود نوٹس پر سماعت کی۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کرقانون کے مطابق کام کریں ۔ جبکہ جسٹس منظور احمد ملک کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے جسے اتھارٹی دی ہو اسے احتیاط سے استعمال کرنا چاہیئے۔ دورا ن سماعت ڈی جی ایل ڈی اے اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کھوکھر برادران کے خلاف رپورٹ پیش کی۔ جسٹس منظور احمد ملک کا کہنا تھا کہ اگر کھوکھر برادران کے خلاف کچھ نکلتا ہے تو متعلقہ اداروں سے مل کر قانون کے مطابق کارروائی کریں، اس حوالہ سے ہمارے ساتھ مل کر عدالت کو کیوں گمراہ کر رہے ہیں ۔ جسٹس منظور احمد ملک کا کہنا تھا کہ کھوکھر برادران کے خلاف از خود نوٹس جن حالات میں لیا گیا ہمارے پاس وہ مواد موجود نہیں ہے ،ا للہ تعالیٰ نے جسے اتھارٹی دی ہو اسے احتیاط سے ستعمال کرنا چاہیئے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی حدود سے آگے نہیں جا سکتے تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر قانون کے مطابق کام کریں۔ جسٹس منظور احمد ملک کا کہنا تھا کہ ہمارے کندھوں پر رکھ کر کیس نیب کو ریفر مت کروائیں آپ اپنا کام کریں اور سپریم کورٹ کو اپنا کام کرنے دیں۔ جسٹس منظور احمد ملک نے اداروں کی رپورٹ پر کھوکھر برادران کے خلاف متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق معاملہ نمٹانے کا حکم دیا ہے اور محکمہ انٹی کرپشن کو حکم دیا ہے کہ اگر ان کے خلاف پانچ ایف آئی آرز ہیں تو ان کو میرٹ پر دیکھیں ، میرٹ پر تفتیش کریں اور کسی کو حراساں مت کریں۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس قانون موجود ہے قانونی راستہ اپنائیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کو اپنے اختیارات بڑے دھیان سے استعمال کرنے چاہیں ہمیں اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ کون کسی سے زمین خریدتا ہے اور کون اس پر عمارت تعمیر کرتا ہے۔واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے زمینوں پر قبضے کے الزمات پر کھوکھر برادران کے خلاف از خود نوٹس لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں