سپریم کورٹ نے کس اہم کیس سے متعلق نیب سے ریکارڈ طلب کر لیا؟

اسلام آباد۔سپریم کورٹ نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس کے ملزمان تاثیر احمد اور عثمان قیوم کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو عدالت نے استفسارکیا کہ کیا پارکنگ سائیٹس نیلامی کے وقت پارکنگ کمپنی کے قبضہ میں تھیں؟ آئندہ سماعت پر پارکنگ کے قبضہ سے متعلق ریکارڈ پیش کیا جائے، نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر عمران الحق نے بتایا کہ تاثیر احمد نے بطور سربراہ اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اوراختیارات کے ناجائز استعمال سے خزانے کو 80 ملین کا نقصان ہوا۔جسٹس عظمت سعید نے سوال کیاکہ تاثیر احمد کے خلاف الزام کیا ہے ؟ بتایاجائے کہ پارکنگ معائدے میں کیا بے ضابطگیاں ہوئیں ؟ اس پر ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ جب معائدہ ہوا پارکنگ سائیٹس ڈسٹرکٹ حکومت کے پاس تھیں،33 سائیٹس پارکنگ کمپنی کے حوالے کیں پارکنگ سائیٹس سے 45 فیصد ریونیو خزانہ میں آیا، عدالتی استفسار پر نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ پارکنگ کی 246 سائیٹس تھیں، تمام کا قبضہ لاہور پارکنگ کمپنی کے پاس تھا 246 میں سے صرف 33 منافع بخش سائیٹس پر پارکنگ شروع کی گئی۔ملزمان کے وکیل کا کہنا تھاکہ باقی 213 سائیٹس ضلعی حکومت سے کمپنی کو ملی نہیں ، عدالت نے نیب سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے قراردیا کہ کیس کی سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں